i پاکستان

پی ٹی آئی احتجاج کو روکنے کیلئے پنجاب پولیس تیار، 10 ہزار اہلکاروں کی نفری سٹینڈ بائی کردی گئیتازترین

November 20, 2024

پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کے 24نومبر کو احتجاج کوروکنے کی تیاری کرتے ہوئے 10 ہزار اہلکاروں کی نفری کو سٹینڈ بائی کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب پولیس نے امن وامان کی صورتحال خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج روکنے کے لیے پنجاب بھر سے 10 ہزار 700 پولیس اہلکاروں کی نفری سٹینڈ بائی کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔اے آئی جی کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر سے 10 ہزار 700 اہلکاروں کی نفری سٹینڈ بائی کردی گئی ہے، نفری مختلف یونٹس، اضلاع اور ونگز سے لی گئی، پی ایچ پی سے 3 ہزار 500، پی سی سے ایک ہزار اہلکاروں کی نفری لی گئی ہے، 3 ہزار کی نفری پہلے سے موجود ہے، ایس پی یو سے ایک ہزار اور ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ سے 1 ہزار 200 اہلکار سٹینڈ بائی کردیئے گئے۔اے آئی جی آفس کا مراسلے میں کہنا ہے کہ گوجرانوالا ریجن سے 1 ہزار 300 نفری پہلے سے موجود ہے، سرگودھا ریجن سے 500 اہلکار سٹینڈ بائی اور 400 نفری پہلے سے ہے، شیخوپورہ سے 200 اور ننکانہ صاحب سے 100 اہلکار سٹینڈ بائی کردیے گئے ہیں، بہاولنگر سے 200 اور بہاولپور سے 300 اہلکار سٹینڈ بائی پر ہیں، مظفرگڑھ سے 300 اور اوکاڑہ سے 200 اہلکار سٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں۔ مراسلے سے معلوم ہوا ہے کہ فورس اینٹی رائٹ سامان سے لیس، متعلقہ ضلع اور یونٹ کا آر پی او، سی پی او اور ڈی پی او فورس کے ٹرانسپورٹ کا ذمہ دار ہوگا، آئی جی پنجاب کے حکم پر اے آئی جی آپریشنز پنجاب نے متعلقہ افسران کو مراسلہ ارسال کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی