i پاکستان

پی ٹی آئی ،عمران خان پاکستان کی سیاست کا محور ہیں ' مسرت جمشید چیمہتازترین

July 31, 2024

پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران ٹولے کے بد ترین جبر اور تشدد کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود پی ٹی آئی اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ، پی ٹی آئی اور عمران خان پاکستان کی سیاست کا محور ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی سے وابستگی رکھنے والوں کو جس طرح کی مشکلات کا سامنا ہے ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی ، بد ترین تشدد اور جبر کے باوجود پی ٹی آئی اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور جب تک حقیقی منزل حاصل نہیں ہو جاتی یہ جاری رہے گی ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مینڈیٹ ہتھیا کر اقتدار میں آنے کے باوجود مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں ، اس وقت پی ٹی آئی اور عمران خان پاکستان کی سیاست کا محور ہیں اور اسی وجہ سے حکمران ٹولہ حواس باختہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پانچ اگست کو پر امن احتجاج کرے گی اور عوام اس میں بھرپور شرکت کریں گے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی