بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جے یوآئی( ف) کے کارکنان نے دھرنا دے کر ہائی ویز بند کردیں۔بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ 8 کے 15 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ ہونے والے ضمنی الیکشن میں نتائج کی تبدیلی کے خلاف جمعیت علما اسلام (ف) کی جانب سے بدھ کو بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا ۔ حکام کے مطابق جے یو آئی کارکنان نے مسلم باغ میں این 50 ہائی وے پر دھرنا دیا جس سے ہائی وے بند ہوگئی اور بلوچستان کی خیبرپختونخوا، پنجاب کے ساتھ آمدورفت معطل ہوگئی۔ کوژک ٹاپ پر بھی جے یوآئی کارکنوں کے احتجاجی دھرنے کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہے، قلعہ عبداللہ میں سید حمیدکراس، پشین میں یارو پل پر جے یوآئی کا دھرنا جاری ہے جب کہ لورالائی میں دھرنے سے ڈی جی خان این 70 شاہراہ بند ہوگئی۔ اس کے علاوہ بولان میں دھرنے سے این 65 سبی سکھر شاہراہ بند ہے، بھوانی کے مقام پرجے یو آئی کے احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی جب کہ کوشک کے مقام پر دھرنے سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہے۔ خیال رہے کہ کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 45 میں جمعیت علما اسلام کے عثمان پرکانی نے پیپلز پارٹی کے علی مدد جتک کی کامیابی چیلنج کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے 15 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا اور دوبارہ پولنگ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی