i پاکستان

پارا چنار کی صورتحال،کراچی میں پانچویں روز بھی دھرنا جاری، شہریوں کو شدید مشکلات،کئی پروازیں تاخیر کا شکارتازترین

December 30, 2024

کراچی میں پارا چنار کے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں اور مرکزی شاہرائوں پر دھرنے پانچویں روز بھی جاری رہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پارا چنار سے یکجہتی کے لیے دھرنے پیر کے روز بھی جاری رہے اور اس وقت 12 مقامات پر احتجاج کیا جارہا ہے جب کہ رات سے جوہر موڑ پر بھی دھرنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔کراچی میں مختلف مقامات پر دھرنوں کے باعث ٹریفک کو متبادل ٹریک پر چلایا جارہا ہے جب کہ شہر میں مختلف مقامات پر پارا چنار میں ہونے والے واقعے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق شارعِ فیصل پر ناتھا خان پل اور ملیر 15 میں جاری دھرنا ختم کردیا گیا ہے، 26 دسمبر سے بند شارعِ فیصل کے دونوں اطراف کی سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔ضلع ایسٹ میں مین ایم اے جنا ح روڈ نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے بند ہے جب کہ ٹریفک کو 45 کانگریس سے پی پی چورنگی گرو مندر سے سولجر بازار، سوسائٹی سگنل سے کوریڈور تھری ،بریٹو روڈ سے سولجر بازار اور گرو مندر کی طرف ڈائیورشن دی ہے۔کامران چورنگی چاروں طرف ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ٹریفک کو موسمیات سے یونیورسٹی روڈ اور منور چورنگی سے اندرون علاقوں کی طرف ڈائیورشن دی ہے۔

جوہر موڑ جانب جوہر چورنگی آنے جانے والے دونوں روڈ بند ہیں۔ ٹریفک کو جوہر موڑ سے سیدھا نیپا کی طرف اور جوہر چورنگی سے جوہر موڑ آنے والی ٹریفک کو پرفیوم چوک سے یوٹرن دے کر واپس جوہر چورنگی کی طرف بھیج رہے ہیں ،گلستان جوہر بلاک 19 اور 20 کے درمیان امام بارگاہ کٹ مین پروفیسر غفور احمد روڈ آنے جانے والے دونوں روڈ بند ہیں۔ ٹریفک کو جوہر موڑ سے سیدھا نیپا جب کہ نیپا سے جوہر آنے والی ٹریفک کو جوہر موڑ چھیپا یوٹرن سے واپس نیپا کی طرف بھیج رہے ہیں۔صفورہ چورنگی نور الہی ہوٹل کے سامنے سے چیک پوسٹ نمبر 5 اور رم جھم ٹاور جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ٹریفک کو صفورہ سے کرن ہسپتال کی طرف ڈائیورشن دی گئی ہے ،ضلع ملیر میں ابو الحسن اصفہانی روڈ جانب سپر ہائی وے عباس ٹان کے سامنے دونوں اطراف کی سڑکیں بند ہیں۔ ٹریفک کو پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک و اندرون گلیوں کی طرف ، رینجر کٹ سے سروس روڈ جانب پنجاب اڈہ کی طرف ڈائیورشن دی ہے۔ضلع سینٹرل میں فائیو اسٹار چورنگی مکمل بند ہے اور متبادل راستے پر سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔یونیورسٹی روڈ میٹرو شاپنگ سینٹر سمامہ جانب نیپا سڑک بند ہے جب کہ متبادل راستہ ٹریفک کو اندرون علاقوں میں ڈائیورشن دے دی گئی ہے۔شمس الدین عظیمی روڈ کے ڈی اے فلیٹ جانب سرجانی روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے اور متبادل راستہ کے لیے ٹریفک کو ٹوٹل پیٹرول پمپ سے سروس روڈ کی طرف ڈائیورشن دی ہے۔

انچولی شاہراہ پاکستان جانب سہراب گوٹھ ٹریفک کے لیے بند ہے اور واٹر پمپ چورنگی سے کارڈیو ہسپتال و گلبرگ چورنگی کی طرف ڈائیورشن دی ہے۔نواب صدیق علی خان روڈ چورنگی ناظم آباد نمبر 1 جانب ناظم آباد نمبر2 ٹریفک کے لیے بند ہے جب کہ ٹریفک کو لسبیلہ سے تین ہٹی کی طرف ڈائیورشن دی ہے۔پاور ہائوس چورنگی ناگن سے جانب 4k فضل الہی روڈ ٹریفک کے لئے بند ہے جس کے لیے ٹریفک کو پاور ہاس چورنگی سے پہلے شیل پمپ کٹ سے سروس روڈ پر چلا رہے ہیں جبکہ دوسرا روڈ ٹریفک کے لیے چل رہا ہے۔شاہراہ پاکستان مین عائشہ منزل چورنگی ٹریفک کے لیے بند ہے اور کریم آباد سے آنے والی ٹریفک کو آئی آر سی سے عائشہ منزل برج و اندرونی علاقہ کی طرف ، واٹر پمپ سے آنے والی ٹریفک کو عرشی مارکیٹ و اندرون علاقے میں بھیج رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں جاری دھرنوں کے باعث گزشتہ کئی دن سے پروازیں 30 منٹ تا ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی ہیں۔پی اے اے حکام کے مطابق آج صبح 7 بجے سے اب تک کراچی ایرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے تحت جاری ہے جب کہ کراچی ایرپورٹ سے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں بروقت روانہ ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دوپہر کے بعد کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ڈی جی پی اے اے کو تازہ ترین فلائٹ آپریشن کے حوالے سے آگاہی دے دی گئی ۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی