پاکستان نے برطانیہ کی ایئرلائن نورس اٹلانٹک کو پروازوں کی اجازت دے دی ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے یہ ایئرلائن لندن، مانچسٹر اور برمنگھم سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کیلئے براہِ راست فضائی سروس کا آغاز کرے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کیلئے بین الاقوامی ایئر لائنز کی پروازوں میں اضافے سے فضائی شعبے میں صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا،جس کے نتیجے میں مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم ہوں گی اور ہوائی کرایوں میں توازن پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ6 سال کے طویل وقفے کے بعد پی آئی اے 29 مارچ 2026 سے براہِ راست لندن ہیتھرو کیلئے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔ وزیر دفاع کا مزید کہناتھا کہ یہ اہم کامیابی پاکستان سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی مسلسل محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے جس کے ذریعے پی آئی اے کی بین الاقوامی ساکھ کو دوبارہ بہتر بنایا جا رہا ہے، جو سابق وزیرِ ہوابازی کے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان سے متاثر ہوئی تھی۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی، جنہیں آئندہ مزید بڑھانے کا منصوبہ ہے، تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے دوبارہ جوڑا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی