پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی خواجہ سراکو سیاسی جماعت کی مرکزی کابینہ میں شامل کرلیا گیا۔ باچا خان مرکز میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جہاں پوری کابینہ کا قیام اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا۔ کابینہ میں خواجہ سرا ڈاکٹر مہرب معیزا اعوان کو بھی شامل کیا گیا جو بطور سیکرٹری حقوق خواجہ سرا خدمات انجام دیں گے۔ ڈاکٹر مہرب معیزا نے امریکا واشنگٹن میں واقع یونیورسٹی سے پبلک ہیلتھ میں ماسٹرز کیا اور بعد ازاں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ خواجہ سرا ڈاکٹر مہرب معیزا اس وقت جینڈر انٹر ایکٹو الائنس میں ڈائریکٹر پالیسی اینڈ جینڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں، اس سے قبل وہ ورلڈ بینک اور مختلف اسپتالوں میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ڈاکٹر مہرب معیزا کا کوئی بھائی نہیں جبکہ چھ بہنیں ہیں جو تمام ڈاکٹرز ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی