پاکستان میں مقامی چینی اساتذہ کی تربیت کے لئے آن لائن سمر کیمپ2024 اختتام پذیرہو گیا ،آن لائن سمر کیمپ پاکستان میں چینی اساتذہ کو بااختیار بنائے گا ۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور سنکیانگ اویغور خودمختار ریجن ایجوکیشن انٹرنیشنل ایکسچینج ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اس چار روزہ پروگرام کی میزبانی سنکیانگ ایگریکلچر یونیورسٹی (ایکس اے یو)نے کی ۔ 7 یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے 37 مقامی چینی اساتذہ اور بین الاقوامی چینی زبان کے شوقین افراد کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں پانچ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور دو کنفیوشس کلاس رومز کو جمع کرنے والے سمر کیمپ کا مقصد اپنے شرکا کی مہارت میں اضافہ اور ملک میں ایک مضبوط اور قابل تدریسی قوت کو یقینی بنانا ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق شنگھائی جیا ٹونگ یونیورسٹی، ہیبی یونیورسٹی، ژی جیانگ نرمل یونیورسٹی اور ایکس اے یو سمیت چینی تعلیمی اداروں کے پروفیسرز اور ماہرین کے ساتھ ساتھ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ نے اپنے متعلقہ اداروں کی جانب سے اپنے قیمتی علم اور تجربے کو تربیتی سیشنز میں پیش کیا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق دو ماڈیولز میں تشکیل دیئے گئے سمر کیمپ نے اپنے شرکا کی ضروریات کے مطابق ایک جامع نصاب پیش کیا۔ پہلا ماڈیول ، "بین الاقوامی چینی تعلیمی نظریہ اور مشق" پر مرکوز تھا ، جو پانچ لیکچرز پر مشتمل تھا جس میں ٹیکنالوجی کی مدد سے چینی زبان کی تدریس ، نصاب کی ترقی ، گرامر کیس اسٹڈیز ، الفاظ کی ہدایات کی حکمت عملی اور مقامی چینی اساتذہ کے لئے پیشہ ورانہ منصوبہ بندی کی پیچیدگیوں پر غور کیا گیا تھا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابقدوسرا ماڈیول ، جس کا عنوان "چینی ثقافت ویڈیو شیئرنگ اور ہینڈز آن ایکسپیرینس " تھا ، میں تین انٹرایکٹو ورکشاپس پیش کی گئیں جنہوں نے شرکا کو چینی ثقافت کی متحرک دنیا بارے جانکاری دی ۔ ان ورکشاپس میں پیپر کٹ، خطاطی اور پیکنگ اوپیرا کا تعارف شامل تھا، جس سے شرکا کو چینی ثقافت کے مختلف پہلوں کی تعریف کرنے اور ان کے ساتھ مشغول ہونے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی