اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایران اور خطے کی صورتحال پر تشویش ہے ،مستحکم اور پر امن ایران پاکستان کے مفاد میں ہے ، ایران میں صورتحال کی جلد معمول پر واپسی کے خواہاں ہیں،اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔ ان خیالات کاظہار انہوں نے ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کا چارٹر کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کی ممانعت کرتا ہے۔ا نہوں نے واضح کیا کہ ریاستوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کے منافی ہے، پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چند دنوں میں ایران اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کو لاحق نئے خطرات باعثِ تشویش ہیں۔ انہوں نے ایران کو پاکستان کا برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور پرامن ایران نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور دنیا کے مفاد میں ہے، اور پاکستان کو ایرانی عوام اور قیادت کی دانشمندی پر مکمل اعتماد ہے۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ تمام تنازعات کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پرامن ذرائع سے ہونا چاہیے، کیونکہ یکطرفہ اقدامات اور تشدد بحران کو مزید گہرا کرتے ہیں۔پاکستانی مندوب نے اس امید کااظہار کیا کہ ایران میں حالات جلد معمول پر آئیں گے، اندرونی خلفشار اور بیرونی دبا کا خاتمہ ہوگا اور تمام فریقین باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی