خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کی معاونت سے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے معاہدے پر دستخط کردئیے گئے۔خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے)اورخیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (کے پی آئی ٹی بی)نے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے 8بلین روپے کی مالیت کے زون ڈویلپمنٹ معاہدے پر دستخط کیے۔اس سے قبل نیسپاک اورنیشنل لاجسٹک سیل کی زیر نگرانی پاکستان ڈیجیٹل سٹی میں 1642ملین روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جو خیبرپختونخوا کے دوررس آئی ٹی ویژن کی عکاسی کرتی ہے ،پاکستان ڈیجیٹل سٹی منصوبیکا تقریبا 30فیصدکام مکمل ہوچکا ہے،جوخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی)کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،ہری پور میں جاری یہ منصوبہ 11ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو 2026 میں مکمل طور پر فعال ہو جائیگا۔ یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا خصوصی ٹیکنالوجی زون ہوگاجس کے تحت 4ہزارتک آئی ٹی سٹارٹ اپس قائم ہوسکیں گے اور آئی ٹی برآمدات میں 50ملین ڈالر تک اضافہ ہوگا۔پاکستان ڈیجیٹل سٹی ملک کا اولین ٹیکس فری زون ہوگا جس میں کام کرنے والی تمام کمپنیاں آئندہ دس سال تک ٹیکس سے مستثنی ہونگی۔صوبہ خیبرپختونخوا کی 50فیصد آبادی 30سال سے کم عمرکی ہے جس میں سالانہ 6ہزار آئی ٹی گریجویٹ کا اضافہ ہو رہا ہے اس منصوبے سے نہ صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ آئی ٹی گریجویٹس کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی