i پاکستان

پاکستان فری لانسرز اور کاروباری افراد کی عالمی سطح پر رسائی کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں،چیئرمین سینیٹتازترین

August 27, 2024

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہپاکستان فری لانسرز اور کاروباری افراد کی عالمی سطح پر رسائی کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، ڈیجیٹل انقلاب میں پاکستان کا بڑھتا ہوا رجحان قابل تعریف ہے ،چیلینجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے،ہمارے خطے کی 50فی صد سے زیادہ آبادی اب بھی انٹرنیٹ تک رسائی سے محروم ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا ایشیا پیسفک ایڈوانسڈ نیٹ ورک کی 58ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس معزز اسمبلی سے خطاب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور بین الاقوامی معززین، اے پی اے این کے عہدیداروں، اور رکن ممالک کے معزز نمائندوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور خوش آمدید ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مندوبین کی بڑی تعداد میں شرکت ہماری ترقی، خوشحالی ،ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع میں تعاون کے فروغ میں مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے اور یہ تقریب ایشیا پیسفک خطے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ ، تحقیق میں سہولت اور علم کے تبادلے میں پاکستان کی غیر متزلزل لگن کا ثبوت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈیجیٹل انقلاب میں پاکستان کا بڑھتا ہوا رجحان قابل تعریف ہے اورچیلینجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایشیا پیسیفک ایڈوانسڈ نیٹ ورک، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان، اور پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک کی خطے میں تکنیکی تعاون کو بڑھانے میں کاوشیں لائق تحسین ہیں اورتحقیق، تعلیم اور ٹیکنالوجی میں مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے سب کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس نیٹ ورک سے موسمیاتی تبدیلی، صحت عامہ، غربت، غذائی تحفظ و دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی سکے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے خطے کی 50فی صد سے زیادہ آبادی اب بھی انٹرنیٹ تک رسائی سے محروم ہے اور یہی وجہ ہے کہ غیر مساوی ڈیجیٹل تقسیم کی وجہ سے حقیقی ترقی کے حصول میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اس غیر مساوی ڈجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی APAN کے تعاون سے تکنیکی ترقی پورے ملک اور خاص طور پر پسماندہ کمیونٹیز تک یقینی بنائی جائے گی اورجامع اور مساوی ترقی کی حکمت عملی کو اپنانے سے ہی ہم پورے خطے میں بامعنی ترقی کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی حفاظت اور اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سائیبر سیکیورٹی حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ اور2023میں سائبر حملوں میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی کو مضبوط اور مزید فعال بنانے میں اقدامات اٹھا رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اسپیس میں بھی علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور پاکستان اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ہماری تکنیکی ترقی ماحولیاتی ذمہ داری کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم گرین ٹیکنالوجیز کی تحقیق اور ان پر عمل درآمد کرنے میں سب سے آگے ہیں اورپاکستان کی پارلیمنٹ، خاص طور پر سینیٹ، قومی وتکنیکی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے پر عزم ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ ایسی پالیسیوں کی تشکیل پر ہے جو جدت کو فروغ اورڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر کرتی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایوان بالانے قانون سازی کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی کو آسان بنایا ہے اور اس قانون سازی سے آئی سی ٹی سیکٹر کی ترقی ، سائبر سیکیورٹی اور جدت کی حوصلہ افزائی میں بہتری آئی ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان خود سینیٹ سیکرٹریٹ کے اندر ڈیجیٹل تبدیلی کو اپنانے کے لیے کوشاں ہے اور پیپر فری چیمبر بنانے اور تمام عمل کو ڈیجیٹلائیزکرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان اقدامات سے سینیٹ کام زیادہ شفاف، موثر اور قابل رسائی ہو جائے گا اورسینیٹ کی تمام سرگرمیاں مکمل طور پر ڈیجیٹلائیزڈ ہوجائینگی ۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی 64فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع میں معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ایک بے پناہ وسائل کی نمائندگی کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی 20 لاکھ سے زیادہ فری لانسرز کے ساتھ عالمی فری لانس اکانومی میں اہم شراکت دار ہے۔ پاکستان فری لانسرز اور کاروباری افراد کی عالمی سطح پر رسائی کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم پروان چڑھ رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ مضبوط عالمی رابطوں کو فروغ دے کر، ہم اپنے اسٹارٹ اپس کے لیے اور بھی زیادہ مواقعے پیدا کر سکتے ہیںاور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی سے روزگار کے وسیع مواقعے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صحت ،تعلیم،دفاع،دفاعی پیداوار و دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے اور آئیے ہم ایک ایسے مستقبل کی طرف کام کریں جہاں ٹیکنالوجی ہماری قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرے، جو ہمیں مزید خوشحال، جامع اور پائیدار خطے کی طرف لے جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی