بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر غلام قادر نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے صوبہ ہوبئی کے ساتھ جاری تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، پاکستان چینی کاروباری اداروں کو مسابقتی فوائد فراہم کرنے کے حوالے سے منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز (سی آئی ایف ٹی آئی ایس) 2024 میں "ہوبی صوبہ تھیم ڈے" کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے غلام قادر نے کہا کہ صوبہ ہوبئی مختلف شعبوں میں نئی معیار کی پیداواری قوتوں، اعلی معیار کی خدمات، جدید کامیابیوں اور ایپلی کیشن منظرنامے کو مکمل طور پر پیش کرتا ہے۔ پاکستان ان شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی کاروباری اداروں کو مسابقتی فوائد فراہم کرنے کے حوالے سے منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ ہمارے پاس معاشی وسائل، سازگار پالیسیاں، ایک وسیع اور بڑھتی ہوئی گھریلو مارکیٹ، اور اہم علاقائی اور عالمی مارکیٹوں تک رسائی ہے. انہوں نے مزید کہا کہ یہ عناصر مل کر چینی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں پھلنے پھولنے کے لیے ایک مثالی ماحول پیدا کرتے ہیں اور ہمارے ملک کو دیگر اہم مارکیٹوں میں برآمدات کے مرکز کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی