i پاکستان

پاکستان اورترکمانستان میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا: ترجمان دفترخارجہتازترین

July 25, 2024

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے، وزیراعظم شہبازشریف 30جولائی کو تہران کا دورہ کریں گے جہاں وہ نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے،پاکستان فلسطینیوں کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے، چین کے تعاون سے فلسطین کے مختلف دھڑوں میں اتفاق پیدا کرنے اور اس ضمن میں جاری مشترکہ اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہیں ، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو نے 22سے 25جولائی پاکستان کا دورہ کیا، دورے میں ترکمانستان کے وزیر خارجہ میریدوو نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جبکہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے بھی تفصیلی بات چیت کی ، ملاقاتوں میں تاپی منصوبے،تاپ بجلی ترسیلی لائن منصوبے سمیت روابط کے دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں وزرا نے پاکستان ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کی مشترکہ صدارت کی، مذاکرات کے ایجنڈے میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط پر بات چیت شامل تھی۔ جب کہ افغانستان اور مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سمیت عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اعلی سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماوں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ترجمان نے کہا کہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، وہ اپنے الوداعی دورے پر پاکستان پہنچے، ان کی مدت اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے، سابق سیکریٹری خارجہ اسد مجید خان آئندہ تین سال کے لیے ان کی جگہ لیں گے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ای سی او کے سیکریٹری جنرل سے افغانستان، کشمیر سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف 30جولائی کو تہران کا دورہ کریں گے، وزیراعظم نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکسپورٹ کنٹرول پر کانفرنس کی میزبانی کررہا ہے، ریجنل کانفرنس میں منگولیا ، ترکمانستان سمیت مختلف ممالک شامل ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے پر قیاس آرائیاں بے بنیاد ہے ، ان کا دورہ پاکستان اب تک شیڈول نہیں ہے جب کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ہم تعمیری تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔ممتاززہرابلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے، پاکستان بیجنگ میں فلسطینی سیاسی دھڑوں کے اعلان اتحاد کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم بامقصد مذاکرات کیلئے فلسطینی دھڑوں کو اکٹھا کرنے پر چین کے کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان آنے والے دنوں میں غزہ میں ایک اور امدادی کھیپ بھجوانے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف غزہ کی جنگ پر واضح ہے۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے آئی سی جے کیس کا خیر مقدم کیا ہے اور جنوبی افریقہ کی درخواست کی حمایت بھی کی ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں جنگی جرائم کے خلاف قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اسرائیلی قبضہ میں مصیبتوں کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں تک محاصرے کے باعث خوراک و امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوان پر تشدد کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ لندن میں پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والے واقعے کی تحقیقات ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے متعلق جرمنی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم نے ان پر زور دیا ہے کہ پاکستانی مشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔ جرمن حکومت نے معذرت کی ہے اور مکمل سپورٹ اور تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی