راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اسٹریٹیجک مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک سنگِ میل قرار دیا ہے۔ آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ، جس کے تحت دونوں ممالک کسی ایک پر ہونے والے جارحانہ اقدام کو دونوں پر حملہ تصور کریں گے، پاکستان کی سفارتی اور عسکری تاریخ میں ایک نیا باب ہے۔ انہوں نے کہا “یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے علاقائی و عالمی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔” صدر آر سی سی آئی نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کے قومی دفاع کو مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دے گا اور جارحیت کی روک تھام کرے گا اور معیشت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے گا، یہ پاکستان کے لیے ترقی، خوشحالی اور استحکام کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی