i پاکستان

پاک چین معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں ،وزیراعظمتازترین

April 20, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے باعث پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں ،چین نے اپنی معاشی ترقی کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا،چینی ثقافت اور چینی زبان دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے۔ ہفتہ کو وزیر اعظم نے چینی زبان کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ آج چینی زبان کا عالمی دن ہے جو کہ ہزاروں سال پرانی چینی ثقافت کی ترجمان زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں جہاں چین نے اپنی معاشی ترقی کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے وہی چینی ثقافت اور چینی زبان دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کی آج چینی زبان دنیا بھر میں رابطے کی بڑی زبان بن چکی ہے اور اقوام متحدہ بھی چینی زبان کو رابطے کی آفیشل زبانوں میں شامل کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چینی زبان سیکھنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے جس کی بدولت دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ پاکستان میں چینی زبان و ادب کی ترویج کے لئے سرکاری و نجی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ دونوں ممالک کی عوام کے درمیان روابط مزید مستحکم ہو سکیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی