وزیراعظم شہباز شریف نے لندن آمد سے قبل جنیوا میں سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کی اور انہیں پاک سعودی عرب تاریخی دفاعی معاہدے سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہبازشریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ پہنچ گئے۔وزیر اعظم سینٹرل لندن میں اپنی رہائش گاہ پہنچے، وہ لندن میں قیام کے دوران برطانوی حکام اور پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے جبکہ آج (ہفتہ)کے روز اوور سیز پاکستانیز فاونڈیشن کی تقریب سے خطاب کریں گے۔اس سے پہلے وہ کچھ دیر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا رکے اور وہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی ۔ذرائع کے مطابق انہوں نے پاک سعودی عرب تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔
نواز شریف علاج کے لیے ان دنوں جنیوا میں ہیں تاہم ان کا آئندہ چند روز میں لندن آنے کا امکان ہے۔ قریبی ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے ساتھ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور عطا تارڑ بھی لندن پہنچے ہیں۔ وزیراعظم برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکا جائیں گے جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ہے۔دریں اثنا اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے ایک انٹرویو میں وزیراعظم کے دورہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورہ امریکا میں مسئلہ کشمیر، فلسطین اور مشرق وسطی کے دیگر ممالک خصوصا قطر پر حملے سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔وزیراعظم اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے علاوہ غزہ پر ہونیوالے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی