وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے، وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ، دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری پر بات چیت ہوگی جبکہ اقتصادی، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے ۔فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو ممالک کیلیے معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان اور دیگر اعلی سعودی حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ بات چیت بھی متوقع ہے۔ فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے اور اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر غور کریں گے۔وزیر اعظم کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماوں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے بعد کل (جمعرات) 31 اکتوبر کو قطر جائیں گے۔انہیں اس دورے کی دعوت قطر کے امیر تمیم بن حماد الثانی نے دی ہے۔ وزیراعظم دوحہ میں پاکستانی نوادرات، فنون اور ثقافت کے حوالے سے نمائش کا افتتاح کرینگے۔ وہ امیر قطر اور دیگر رہنماوں سے ملاقات کرینگے جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی