وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے یوم عاشور پر بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر افواجِ پاکستان، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم ہائو س سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے یومِ عاشور پر ملکی حالات پر امن رہے، اور ملک بھر میں پورے عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس و جلسے جلوس کا انعقاد ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ، پولیس، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پر مامور رہے، یومِ عاشور کو پرامن رکھنے پر ہر افسران و اہلکاروں کے مشکور ہیں۔ وزیر اعظم نے یوم عاشور پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور وفاقی وزیر داخلہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں یوم عاشور کی سر گرمیاں پر امن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچیں۔ وفاق اور صوبوں میں پولیس، افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کرنے لیے ہم آہنگی قابل ستائش ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی