i پاکستان

وزیراعظم کا ماحولیات کے تحفظ کیلئے اجتماعی کاوشوں پر زورتازترین

June 05, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ماحولیات پراس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اپنے ماحول کے تحفظ کے لئے ساتھ مل کر کام کریں گے ، یہ انسانوں کی بہتری اور ہمارے سیارے کی بقا کے لئے ضروری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم ماحولیات پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تغیرات کے منفی اثرات سے متاثرہ ممالک میں ہے، گزشتہ سالوں میں پاکستان کو سیلاب اور خشک سالی جیسے واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم وقت کے دھارے کو واپس موڑ نہیں سکتے تاہم ہم اپنے ماحول کی صحت اور پائیداری کے لئے بہت پر اثر اقدامات کر سکتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان اقدامات میں جنگلات میں اضافہ ، پانی کے ذخائر کی حفاظت اور ترویج، بنجر زمینوں کی آبادکاری شامل ہیں ، آئیے اس ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے بہتر اور پائیدار مستقبل کے لئے کام کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماحول کے تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی دن آج منایا جا رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی