وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے لاہورآرٹس کونسل (الحمرا) کے مسیحی ملازمین کو ایک تنخواہ بونس دینے کا اعلان کر دیاگیا۔الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پارلیمارنی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان بھی اس موقع پرموجود تھیں۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے مسیحی ملازمین سے ملاقات کی اور انھیں کرسمس کی مبارکباد دی،انہوں نے اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے مسیحی ملازمین میں تحائف بھی تقسیم کیے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا، چیئرمین الحمرا رضی احمد اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا محمد نواز گوندل بھی اس موقع پرموجود تھے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا اس موقع پرکہنا تھا کہ کرسمس کے تہوار پر مسیحی بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابرکے شریک ہیں،اقلیتیں وزیر اعلی پنجاب کے دل کے بہت قریب ہیں، مسیحی ملازمین ہمارا فخر ہیں اور انکی خدمات قابل ستائش ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح کے لیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کرسمس کے موقع پر اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شریک کریں، کرسمس کا تہوار محبت، امن اور ہم اہنگی کا مظہر ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی