i پاکستان

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں بہن بھائی سے متعلق غیر اسلامی، غیر فطری اور انتہائی نامناسب سوال پوچھے جانے کے معاملے پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہارتازترین

February 21, 2023

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں بی ای ای کے فرسٹ سمیسٹر انگلش کے مضمون میں طلبہ و طالبات سے کوئز میں بہن بھائی سے متعلق غیر اسلامی، غیر فطری اور انتہائی نامناسب سوال پوچھے جانے کے معاملے پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے، یونیورسٹی کی جانب سے لیے گئے ایکشن کو ناکافی اور غیر اطمینان بخش قرار دیا اور اس معاملے کی ازسر نو تحقیقات کرنے کے لئے وزارت کی جانب سے دو ممبرز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ جو کہ ایک ہفتے کے اندر تحقیقات مکمل کر کے اپنی سفارشات وفاقی وزیر کو جمع کرائے گی جسکی روشنی میں تمام ملوث کرداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افضل تبسم کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا جبتک انکوائری کمیٹی کی سفارشات سامنے نہیں آتیں تب تک ایگزامینیشن ڈیپارٹمنٹ اور اس سے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے سربراہوں کو معطل کر دیا جائے جنکی غفلت کیوجہ سے بیہودہ، غیر اخلاقی و غیر اسلامی سوال کو ابتدائی مرحلے میں نوٹس نہ کیا جا سکا۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ایسے کسی کلچر و روایات کو جسکی بنیاد غیر اخلاقی و غیر اسلامی تصور پر ہو، کو قطعی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت شعبہ تعلیم میں جدید سائنسی علوم کیساتھ ساتھ اسلامی نظام کی اقدار و روایات کی حفاظت اور اسکو فروغ دینے کے لئے ہر ممکنہ قدم اٹھائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی