i پاکستان

وفاقی وزارت تعلیم کا اسلام آباد کے سکولوں میں شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہتازترین

July 20, 2024

وفاقی وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے سکولوں میں شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق اگلے دو ماہ میں اسلام آباد کے 100 پرائمری سکول شمسی توانائی سے چلائے جائیں گے، 100 سکولوں میں شمسی توانائی کا منصوبہ سال کے آخر تک مکمل ہونے کی امید ہے، اس منصوبے کا مقصد بجلی کی لاگت کو کم کرنے اور پائیداری کو فروغ دینا ہے۔ ترجمان وزارت تعلیم کاکہنا ہے کہ یہ اقدام قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو استعمال کرنے اور شہر کے کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنے کی ایک بڑی کوشش کا حصہ ہے، منصوبہ نہ صرف بجلی کی لاگت کو کم کرے گا بلکہ ہمارے سکولوں کے لیے توانائی کا ایک صاف اور پائیدار ذریعہ بھی فراہم کرے گا۔ ترجمان کے مطابق منصوبے میں منتخب سکولوں کی چھتوں پر سولر پینلز کی تنصیب شامل ہوگی، شمسی توانائی کا نظام ہر سکول کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔ ترجمان وزارت تعلیم نے مزید بتایا کہ اس اقدام سے وزارت کو سالانہ کروڑوں روپے کی بجلی کے اخراجات کی بچت متوقع ہے، منصوبے سے حاصل ہونے والی بچت تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی