وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کے تعاون سے ہیڈ کوارٹرز میں ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا۔تفصیل کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب نے ریٹرن فائل کرنے میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ایک مخصوص سہولت ڈیسک کا آغاز کیا ہے۔اس اقدام کا مقصد ٹیکس ریٹرن کے عمل کو آسان بنانا ہے، ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے، ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں پاس ورڈ کی بازیافت جیسے مسائل حل کیے جائیں گے۔ ایف ٹی او ڈیسک دیگر مسائل میں بھی مدد فراہم کرے گا، ایف بی آر کے تربیت یافتہ اہلکار ٹیکس فائلرز کو مدد فراہم کرنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایف ٹی او سیکرٹریٹ میں سوالات صرف ذاتی طور پر حل کیے جائیں گے، فون کالز کے ذریعے کوئی مدد فراہم نہیں کی جائے گی۔ایف ٹی او آفس کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کو سہولت کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاکہ وہ فائلنگ میں مدد کے لیے ڈیسک پر جائیں، اور ٹیکس سے متعلق مسائل کو حل کروائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی