متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے سادہ روٹی 15 روپے میں بیچنے سے معذرت کر لی ،لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پتیری روٹی 20روپے میں فروخت کی جانے لگی ۔ تفصیل کے مطابق متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت میں اضافے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دے دی ہے۔نان بائیوں کا کہنا ہے کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 250 روپے مہنگا ہوگیا ہے، روٹی 20 روپے میں بیچنے کی اجازت دی جائے۔صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب اسلم گل کا کہنا ہے کہ ایک مہینے میں 20کلو آٹے کا تھیلا 250 روپے مہنگا ہو چکا ہے اس لیے 14 اور 15 روپے میں روٹی نہیں بیچ سکتے، حکومت روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر کرے۔اس دوران راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں تندوروں پر حالیہ ہڑتال کے بعد روٹی کی قیمت 20روپے کردی گئی ۔مختلف تندروں پر بغیر نوٹیفیکیشن کے پتیری روٹی کے نرخ 20روپے لکھ کر آویزان کردئیے گئے ہیں ۔شہریوں نے اس حوالے سے متعلقہ انتظامیہ اور پنجاب حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی