امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ 11 ستمبر حملوں کے ماسٹر مائنڈ ملزم خالد شیخ محمد نے اعتراف جرم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق خالد شیخ محمد اور ان کے دو ساتھی ولید بن عطاش اور مصطفی الہوساوی آئندہ ہفتے گوانتانامو بے میں ملٹری کمیشن کے سامنے اعتراف جرم کریں گے۔ وکلا صفائی نے درخواست کی ہے کہ ان افراد کو اعتراف جرم کے بدلے میں عمر قید کی سزا دی جائے۔دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کے حکام نے پلی بارگین کی مکمل شرائط جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ القاعدہ کی جانب سے گیارہ ستمبر 2001 کو کیے جانے والے حملوں سے متعلق مقدمہ چلنے کے 16 سال بعد امریکی حکومت نے ان افراد کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ جبکہ اس واقعے کو تقریبا 24 سال کا عرصہ گزر گیا ہے جب عسکریت پسندوں نے چار کمرشل ایئر لائنز کے جہاز استعمال کرتے ہوئے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پینٹاگون کی عمارت سے ٹکرا دئیے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی