سپریم کورٹ آف پاکستان نے ن لیگی امیدوار کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کے معاملے کی سماعت کی، فرقیقین کے دلائل سننے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کے کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کی اپیل خارج کردی گئی، سماعت کے دوران جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ ہم دوبارہ گنتی پر پہلے ایک فیصلہ دے چکے ہیں، کیا اس کیس میں بھی ویسے ہی حقائق ہیں؟ وکیل لیگی امیدوار حسن رضا پاشا نے کہا کہ جی اس کیس میں بھی حقائق وہی ہیں۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ آپ کے کیس میں آر او کہہ رہا ہے اسے دوبارہ گنتی کی درخواست ہی نہیں ملی، آپ آر او کو دی گئی جو درخواست دکھا رہے ہیں اس پر کوئی تاریخ درج نہیں، کیسے مان لیں آپ نے درخواست 9 فروری کو ہی دی تھی، ریکارڈ سے دکھائیں نتائج مرتب ہونے سے پہلے آپ نے آر او کو درخواست دی۔ بعد ازاں عدالت نے این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی ن لیگی امیدوار کی درخواست خارج کردی، جس کے نتیجے میں حلقے سے تحریک انصاف کے منتخب امیدوار سعد اللہ بلوچ رکن قومی اسمبلی برقرار رہیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی