ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما روف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات روف حسن اور دیگر ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرجوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پی ٹی آئی وکیل سینیٹر علی ظفر، علی بخاری و دیگر پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے پراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت میں پیش ہوئے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوئی ہے، تمام ملزمان ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔ وکیل علی ظفر نے کہا کہ روف حسن و دیگر کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہوچکا ہے، رف حسن کی طبیعت ٹھیک نہیں، چیک اپ کرایا جائے۔ دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے روف حسن کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر ڈیوٹی جج مرید عباس نے رف حسن اور دیگر کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی