i پاکستان

مسلم دنیا کمزور، قرار دادوں سے کچھ نہیں ہوگا،بیرسٹر گوہرتازترین

August 02, 2024

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ فلسطین میں ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں، قرار دادوں سے کچھ نہیں ہوگا، ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ کیا اسرائیل زیادہ مضبوط ہے یا مسلم دنیا کمزور ہے؟۔ قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں مسلم دنیا زیادہ کمزور ہے، اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں بھی غیر مسلم ممالک لے کر گئے، آج اسرائیل کے سامنے پوری مسلم دنیا کمزور نظر آرہی ہے، آج تک عالم اسلام اسرائیل کو منہ توڑ جواب نہیں دے سکا، مسلم دنیا آج تک اسرائیل کو عالمی عدالت میں نہیں گھسیٹ سکی۔ بیرسٹر گوہر نے او آئی سی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کی کانفرنس نہ بلانا موجودہ حکومت کی ناکامی ہے، اسرائیلی مظالم کی جنتی مذمت کی جائیوہ کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف اسرائیل کے خلاف یکجہتی کی ضرورت نہیں لیکن جب آپ اپنوں کو ہی نا جوڑ سکیں تو اسرائیل کے خلاف کیا بلاک بنائیں گے؟ موجودہ حکومت میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں، ہم پارلیمان میں بات کریں گے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا یقینی بنایا جائے کہ قانون کے مطابق کے علاوہ کسی کو گھر سے اٹھایا نہیں جائے گا، ہمارے کارکن حاجی امتیاز کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست دائر کی گئی مگر وہ آج حاضر نہیں ہوئے، اس پر ایاز صادق نے بتایا کہ وہ پولیس کی حراست میں نہیں ہیں۔ اس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ ہاوس کے کسٹوڈین ہیں، آپ سب کے سپیکر ہیں، حاجی امتیاز کو پروڈیوس کروانا آپ کی ذمہ داری ہے، یہ جبری گمشدگی ختم ہونی چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی