i پاکستان

مسلح افواج کی قربانیاں قوم کیلئے باعث فخر ہیں، بلاول بھٹوتازترین

September 06, 2024

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین وسابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی جرات اور قربانیاں قوم کیلئے فخر اور حوصلے کا باعث ہیں۔ یومِ دفاع کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج کا دن قوم کو ایک بار پھر اس جذبہ استقامت اور حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں یکجا کرتا ہے، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے سرحدوں کی حفاظت کی اور ہماری خودمختاری کو برقرار رکھا ہے، ہمارے شہدا اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے دلوں میں نقش ہیں، وطن کے لیے ہماری افواج کی غیر متزلزل وابستگی ہر پاکستانی کے لیے قابل فخر ہے، پاکستان کی سلامتی و استحکام کا انحصار نہ صرف افواج کی طاقت پر ہے بلکہ عوام کی یکجہتی پر بھی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کے درمیان یکجہتی ہی ہمیں ناقابلِ تسخیر بناتی ہے، قوم مِل جل کر پاکستان کی خوشحالی اور دفاع کے لیے کام جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی اور آنے والی نسلوں کے لیے ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو یقینی بنایا، دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی کے لیے بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی دوراندیشی آج بھی ملک کی خودمختاری کی حفاظت کر رہی ہے، ہم مسلح افواج اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم سب مِل کر قومی اتحاد اور ملک کے دفاع و ترقی کے لیے مسلسل محنت کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی