صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کے حلف، بجٹ ڈے اور پھر وزیراعلی کی تقریر کے دوران بھی اپوزیشن نے ایوان کا ماحول خراب کیا، مریم نواز نے پہلے روز ہی رانا آفتاب سمیت پوری اپوزیشن کو عزت دی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے یہاں تک کہا جتنے قابل احترام میرے لیے حکومتی ارکان ہیں اتنے ہی قابل احترام اپوزیشن ارکان ہیں، لیکن اپوزیشن ارکان نے مریم نواز کی تقریر کے دوران مسلسل غیر پارلیمانی رویہ اختیار کیا جو ناقابل برداشت تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سپیکر ملک احمدخان نے متعدد بار اپوزیشن لیڈر اور ان کے ارکان کو سمجھایا لیکن انہوں نے ایوان کا ماحول خراب کرنے کی ٹھان لی تھی، سپیکر نے ایوان کا ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے کر اپنے اختیارات استعمال کیے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی