ملک کی پہلی خاتون وزیراعلی مریم نواز کی پیر کو 51 ویں سالگرہ منائی گئی ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز 28 اکتوبر 1973 کو پیدا ہوئیں، ان کی سالگرہ پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو وزیراعظم شہباز شریف سمیت پارٹی رہنمائوں، کارکنوں اور عزیز و اقارب کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے ۔اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مشترکہ ویژن کے لئے آپ کی لگن اور عزم ثمر آور ہے، اللہ کرے یہ سال آپ کیلئے مزید طاقت، کامیابی اور بے شمار برکتیں لائے۔مریم نواز کا سیاسی سفر 2013 کے انتخابات سے شروع ہوا، وزیراعلی نے جن حالات میں عملی سیاست کا آغاز کیا وہ ان کے والد میاں نواز شریف کے لئے مشکلات سے بھرپور تھے، مخالفین نے ان پر سیاست کے دروازے بند کرنے کیلئے مختلف حربے بھی استعمال کئے۔ مریم نواز 2024 کے عام انتخابات میں بڑے مینڈیٹ سے وزیراعلی پنجاب منتخب ہوئیں، وزیراعلی بنتے ہی 30 ارب روپے کا رمضان پیکیج دیا، ہندوں کیلئے ہولی اور مسیحیوں کیلئے ایسٹر پیکیج، پنجاب میں پہلی بار آٹا کم ترین قیمت پر آیا، 25 ہزار طلبہ کیلئے سکالرشپ، خواتین طلبہ میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کیں۔انہوں نے کسانوں کیلئے 400 ارب کا تاریخی پیکیج بھی متعارف کرایا، خصوصی افراد میں ہمت کارڈ کی تقسیم، بے گھر افراد کیلئے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 15 لاکھ کے بلا سود قرضے شروع کئے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے اعلان کردہ عوام کی فلاح و بہبود کے پروگرام جاری ہیں، امید یہی ہے کہ ملکی معیشت اب ٹریک پر آرہی ہے جس کا سارا کریڈٹ صوبائی حکومت کو جاتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی