i پاکستان

مریم نواز کی انتخابات میں کامیابی کیخلاف اپیل، الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلبتازترین

July 02, 2024

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی عام انتخابات میں کامیابی کے خلاف دائر اپیل پر الیکشن کمیشن کو فارم 45 کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس انوار حسین نے حلقہ پی پی 159 سے مریم نواز کے مخالف امیدوار مہر شرافت کی اپیل پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ لاہور کے حلقہ پی پی 159 سے مریم نواز کی جیت کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا اسے معطل کیا جائے۔ دوران سماعت وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وکلا کی جانب سے الیکشن اپیل کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے مقف اپنایا گیا کہ الیکشن اپیل قابل سماعت نہیں ہے، قانون کے مطابق اس اپیل کا ٹرائل نہیں ہوسکتا۔ جسٹس انوار حسین نے کہا کہ ٹریبونل کو کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں وہ نوٹ کرلیں، حلقہ پی پی 159 میں کل کتنے پولنگ سٹیشنز تھے؟ جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ سکیم میں رجسٹرڈ پولنگ سٹیشنز کی تعداد 102 ہے۔ الیکشن ٹریبونل نے استفسار کیا کہ فارم 45 پر پریذائیڈنگ افسر کے دستخط ہونگے دیگر حلقے کے امیدواروں کے پاس بھی وہی فارم ہوگا پھر فارم 45 ویب سائٹ پر اپلوڈ کیوں نہیں ہوئے؟ ٹریبونل کی ہدایت کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے مریم نواز کے انتخابی حلقے کا ریکارڈ نہ کیا گیا، وکیل الیکشن کمیشن نے فارم 45 کا اصل ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی، ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی استدعا کو منظور کرلیا۔ بعدازاں ٹریبونل نے مریم نواز کی انتخابات میں کامیابی کے خلاف اپیل پر مزید سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی