وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی مخلصانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے آئی ایم ایف کے مثبت ردعمل کو معاشی ترقی کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور ان کی ٹیم نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت بلند پرواز کیلئے ٹیک آف پوزیشن میں آ چکی، آئی ایم ایف کا حالیہ پروگرام آخری ثابت ہوگا، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا معاشی قوت کے طور پر ظہور ہوگا، ن لیگ کی حکومت نوازشریف کی قیادت میں عوام کی معاشی مشکلات کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ معیشت کا مستحکم ہونے کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہونا خوش آئند امر ہے، مسلم لیگ ن ہی پاکستان کے عوام کی امیدوں کا محور ہے، حکومتی معاشی پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ مریم نوازکا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد دن بدن بڑھ رہا ہے، پنجاب میں ضروری اشیا خورونوش کے نرخ دیگر صوبوں کی نسبت سب سے کم ہیں، مہنگائی میں کمی آنے سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی