i پاکستان

مرید کے ، لکڑی کے کارخانے میں سردی سے بچا کے لیے جلی آگ پر بچے نے پٹرول پھینک دیا، 4 افراد جھلس گئےتازترین

January 31, 2026

ضلع شیخوپورہ میں لکڑی کے ایک کارخانے میں سردی سے بچائو کیلئے جلائی گئی آگ پر بچے کے پٹرول ڈالنے سے 4 افراد کے بری طرح جھلس گئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق مریدکے شہر کے علاقے کینال پارک میں لکڑی کے ایک کارخانے میں آگ جلاتے ہوئے بچے سمیت 4 افراد جھلس گئے ہیں، سردی سے بچنے کے لئے جلائی گئی آگ پر بچے نے پٹرول پھینک دیا تھا۔سردی سے بچنے کیلئے آگ کے قریب بیٹھے پوتا، باپ، دادا اور ایک کاریگر شعلوں کی لپیٹ میں آ گئے، زخمی ہونے والے 7 سالہ عریش، اس کا والد 35 سالہ عمان، 60 سالہ شفیق اور 40 سالہ رحمت کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ریسکیو کا کہنا ہے کہ دادا، باپ اور پوتے کو تشویش ناک حالت میں لاہور منتقل کیا گیا ہے، بچے کا چہرہ اور ٹانگیں بری طرح جھلس گئے ہیں، باپ اور دادا کے ہاتھ اور ٹانگیں بھی زیادہ جلنے سے متاثر ہوئی ہیں۔ریسکیو نے واقعے کو آگ کے استعمال میں غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے، جب کہ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بچے نے شرارتا آگ میں پٹرول ڈالا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی