بچوں کے تحفظ کی عدالت نے ایک شخص کو اپنی نو عمر کزن کے ساتھ جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیتے ہوئے اسے عمر قید کے ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنادی۔ جج لبنی زمان نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ استغاثہ نے مردان ضلع کے رہائشی ملزم عثمان کے خلاف مقدمہ ثابت کر دیا اور ریکارڈ پر موجود شواہد نے بھی اسے جرم سے منسلک کردیا ہے۔ ملزم پر 21 فروری 2023 کو مردان کے شیخ ملتون تھانے میں متاثرہ لڑکی کی جانب سے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 (ریپ) کے تحت درج ایف آئی آر میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ وہ ملزم کے گھر کے قریب واقع اپنے ماموں کے گھر جا رہی تھیں، انہوں نے دعوی کیا کہ اپنے گھر کے باہر موجود ملزم شکایت کنندہ کو زبردستی اندر لے گیا اور اس سے زیادتی کی۔ ایڈووکیٹ ولی خان متاثرہ کی طرف سے پیش ہوئے اور بتایا کہ واقعے کے وقت متاثرہ لڑکی کی عمر 17 سال کے لگ بھگ تھی، انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہو گیا اور بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی