کراچی کے جناح اسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑ جانے کا معمہ حل نہ ہوسکا تاہم پولیس نے لڑکی کے شوہر عادل کو گرفتار کرلیا۔ سی سی ٹی وی میں چہرے واضح ہونے کے باوجود پولیس اب تک ملزمان کا کھوج لگانے اور گرفتاری میں ناکام رہی ہے۔ دوسری جانب لڑکی کی ساس نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے۔ لڑکی کی ساس کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے سے پنجاب میں تھی، بہو پارلر کا کام کرتی تھی، نہ کسی سے جھگڑا نہ دشمنی ہے ،ہم کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔ تاہم پولیس نے ساس کا بیان مسترد کرتے ہوئے ساس کو شاملِ تفتیش کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کا شوہر عادل کئی روز سے گھر سے غائب تھا وہ نشے کا عادی اور بے روزگار ہے جسے حراست میں لے لیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ فی الحال درج نہیں کیا گیا ہے، لڑکی کے والد کا آج کراچی پہنچنے کا امکان ہے جن کے بیان کی روشنی میں قانونی کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی