i پاکستان

ملک میں مزید صوبے بننے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی،اظہار الحسنتازترین

September 19, 2024

ایم کیوایم پاکستان نے ملک میں نئے صوبے بننے کی حمایت کردی ۔ ایم کیو ایم رہنماء خواجہ اظہارالحسن کا کہنا ہے کہ ملک میں مزید صوبے بننے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام ممالک میں نئے صوبے بنائے جا رہے ہیں، پاکستان کے چاروں صوبوں میں آبادی بڑھ رہی ہے، پورے ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب صوبے کی تو حمایت کرتی ہے لیکن سندھ میں نیا صوبہ بنانے کی مخالفت کرتی ہے، ساری لڑائی اقتداراور پیسے کی ہے۔رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ مزید صوبے بننے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی، بدقسمتی سے بیوروکریسی میں بھی لوگ نئے صوبوں کے حامی نہیں ہے، ملک میں منصفانہ مردم شماری کا نہ ہونا بھی سنگین مسئلہ ہے، اٹھارویں ترامیم کے فارمولے کومدنظررکھ کرہی مزید صوبے بنائے جائیں، اس سے وفاق بھی مضبوط ہوگا۔خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ نئے صوبوں کے ساتھ وسائل کی تقسیم کا فارمولا بھی طے کرنا ہوگا، صوبوں کے درمیان اب پانی کا جھگڑا شروع ہوگیا ہے، ایم کیوایم نے ہمیشہ مقامی حکومتوں کے بااختیار ہونے کا مطالبہ کیا ہے، یونین کونسل بااختیار ہوں گی تو صوبوں کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین،سنگاپور میں نئے صوبے بن رہے ہیں، پیپلزپارٹی کبھی نہیں چاہے گی کہ سندھ میں نیا صوبہ بنے، سول سوسائٹی کو بھی نئے صوبوں کیلیے اپنا رول ادا کرنا ہوگا، نئے صوبوں کے لیے دوتہائی اکثریت سے قرارداد آنی چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی