i پاکستان

ملک میں انٹرنیٹ سروس پھر سست روی کاشکارتازترین

January 02, 2026

ملک میں انٹرنیٹ صارفین کو ایک بار پھر مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ ایک اہم اپ اسٹریم پرووائیڈر کے عارضی بریک ڈائون کے باعث بڑی تعداد میں صارفین کی انٹرنیٹ سروس متاثر ہو گئی ہے۔اس مسئلے کے نتیجے میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار سست پڑ گئی اور آن لائن سرگرمیوں میں خلل پڑ رہا ہے۔نیا ٹیل نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکائو نٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی مجموعی کارکردگی میں کمی اس لیے آئی ہے کہ کمپنی کے دو اپ اسٹریم پرووائیڈرز میں سے ایک فی الوقت غیر فعال ہے۔ اس خرابی کے باعث پاکستان کے متعدد شہروں میں انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے اور صارفین کو کنیکٹیویٹی میں دشواری کا سامنا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ نیا ٹیل کی تکنیکی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ متعلقہ اپ اسٹریم پرووائیڈر کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہیں تاکہ جلد از جلد سروس بحال کی جا سکے۔

تاہم کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ یہ مسئلہ کب تک مکمل طور پر حل ہو جائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اپ اسٹریم بریک ڈائون کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ یہ پرووائیڈرز مختلف انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان کو ڈیٹا مہیا کرتے ہیں۔ اس طرح کے حالات میں آن لائن بینکنگ، ویڈیو کالز، سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری آن لائن سرگرمیوں کو ملتوی کریں اور کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے اپ ڈیٹس کا انتظار کریں۔نیا ٹیل نے یقین دلایا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں کہ انٹرنیٹ سروس جلد از جلد معمول پر آجائے۔یہ مسئلہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کی انٹرنیٹ انفراسٹرکچر زیادہ تر چند بڑے اپ اسٹریم پرووائیڈرز پر منحصر ہے، جس کی وجہ سے کسی ایک پرووائیڈر کے عارضی مسئلے سے پورے ملک کی کنیکٹیویٹی متاثر ہو سکتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی