ملک کے مختلف مقامات پر برفباری کے بعد عوام نے بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا جبکہ بارش سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔تفصیل کے مطابق مری میں گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، ایبٹ آباد و گردونواح، میرپور شہر و گردونواح میں بارش سے سردی بڑھ گئی جبکہ اسلام آباد میں بھی بادل خوب برسے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوتی رہی، سرگودھا شہر اور گردونواح میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش، خیبرپختونخوا میں بھی موسم نے انگڑائی لی جہاں پشاور میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مردان شہر اور گردو نواح میں بھی بارش ہوئی جبکہ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں دوسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔اسی طرح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری شروع ہوگئی، زیارت، چمن، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ہوئی، اس کے علاوہ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ادھر مری ایکسپریس وے پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق پھلگراں ٹال پلازہ سے مری جانے والی ٹریفک کا داخلہ بند ہے، مقامی آبادی اور ایمرجنسی ٹریفک کے لیے سڑک کھلی ہے۔موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک بحال کرنے کے لئے عملہ برف کو ہٹانے میں مصروف ہے، واضح رہے کہ ملک کے مختلف مقامات پر برفباری کے بعد عوام نے بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے تیز ہوائو ں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری کا امکان ہے۔اسلام آباد میں تیز ہوائو ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔گوجرانوالہ اور نارووال میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو اور مری میں بارش کی توقع ہے۔
سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے، علاوہ ازیں پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دریں اثنا سینٹرل ریجن میں واقع مختلف موٹرویز اور شاہراہوں کو حد نگاہ میں بہتری کے بعد ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔اس قبل شدید دھند کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز بند کر دئیے گئے تھے، ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا یہ اقدام عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا۔لاہور ایسٹرن بائی پاس دھند کی شدت کے باعث مکمل طور پر بند کیا گیا تھا، موٹروے ایم 3 فیض پور سے جڑانوالہ تک جبکہ موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی