i پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی،شدید دھند سے موٹرویز مفلوج ، مختلف سیکشنز بندتازترین

January 17, 2026

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے اور 19 جنوری تک برقرار رہے اور سلسلے کی شدت میں 20 جنوری سے اضافے کی توقع ہے جو21 جنوری سے ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔19 جنوری تک گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔20 جنوری کی رات سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، وادی نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں شدید برفباری ہونے کی توقع ہے۔21 اور 22 جنوری کے روز بلوچستان اور 22 اور 23 جنوری کو سندھ کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے، اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے۔

ادھر کراچی میں موسم خشک اور صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات خنک رہنے رہے گا، شہر میں صبح میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔ اس دوران پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں شدید سردی اور دھند کی صورتحال بدستور برقرار رہے گی جب کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹورازم اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مری جانے والے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق سیاحوں کی سہولیات کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔دریں اثنا ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث اہم موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث یہ فیصلہ حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹروے ایم ون (M-1) پشاور سے رشکئی تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ہے، اسی طرح موٹروے ایم ٹو (M-2) ٹھوکرنیاز بیگ سے چکری انٹرچینج تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔موٹروے ایم تھری (M-3) فیض پور سے جڑانوالہ تک بند کردی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم فور(M-4) پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک شدید دھند کی لپیٹ میں ہے اور وہاں بھی ٹریفک معطل ہے۔اس کے علاوہ موٹروے ایم الیون (M-11) لاہور سے سمبڑیال تک بند کردی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم فورٹین (M-14) داد خیل سے عیسی خیل تک ٹریفک کے لئے دستیاب نہیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفرسے گریزکریں، دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اورتیزرفتاری سے اجتناب کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی