محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے جیوانی، پسنی، اورماڑہ، کیچ اور تربت میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔16 سے 18 جنوری کے درمیان ایک ملک گیر مغربی ہوائوں کے سلسلے کی توقع ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت انتہائی سطح تک گرسکتا ہے۔پشاور شہر میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش جبکہ 23 سے 25 جنوری کے درمیان باقاعدہ برفباری بھی ہو سکتی ہے، کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں انتہائی سرد درجہ حرارت پر بارش اور برفباری کا امکان ہے، 21 سے 23 جنوری کے درمیان صوبے بھر میں 60 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی انتہائی سرد، برفیلی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مجموعی طور پر کم سے کم درجہ حرارت 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں میں سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔گلستان جوہراور شاہراہ فیصل پرکم سیکم درجہ حرارت 9، ماڑی پور میں 10 اور بن قاسم پر10.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کاامکان ہے۔شہرمیں چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 44فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہوائیں 7کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چل رہی ہیں۔دوسری جانب پنجاب میں بدستورشدید دھند کے باعث کئی مقامات پر موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2، ٹھوکرنیازبیگ سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔اس کے علاوہ موٹروے ایم 3، فیض پور سے درخانہ تک، موٹروے ایم 4 ،شیرشاہ سے فیصل آباد تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 5،سکھر سے شیر شاہ تک اور موٹروے ایم 11، لاہور سے سمبڑیال تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی