i پاکستان

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار، بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا، موٹریز کئی مقامات سے بندتازترین

January 14, 2026

مغرب سے بارش برسانے والا سسٹم آج (جمعرات کو) پاکستان میں داخل ہوگا جس کے سبب پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم لاہور پنجاب کے میدانی علاقوں کے بجائے مری اور گلیات میں بارش برسائے گا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں جبکہ موسم خشک اور سرد رہے گا۔دوسری جانب ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی، بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گر گیا۔لہہ منفی 12، سکردو منفی 10، گوپس منفی 9، استور منفی 8، گلگت منفی 7، بگروٹ، ہنزہ منفی 6 اور قلات میں منفی 5 ڈگری رہا، مری منفی ایک، کوئٹہ اور مظفر آباد میں صفر ریکارڈ کیا گیا۔اسلام آباد، پشاور میں ایک جبکہ لاہور اور سکھر میں درجہ حرارت دو ڈگری رہا۔لاہور سمیت پنجاب بھر شدید سردی اور دھند ہے جبکہ بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بادلوں اور دھند سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ادھر شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر پنجاب کے مختلف حصوں میں موٹرویز اور اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں۔ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر موٹرویز پر مختلف جگہوں سے ٹریفک کی روانی معطل کر دی گئی ہے، موٹروے ایم 2 لاہور تا کوٹ مومن شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی۔

اسی طرح موٹروے ایم 3 فیض پور تا درخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں تا ملتان اور ایم 5 ملتان تا ظاہر پیر دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں، علاوہ ازیں موٹروے ایم 11 لاہور تا سمبڑیال اور لاہور ایسٹرن بائی پاس بھی دھند کی وجہ سے بند ہیں۔موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال اور اقبال نگر میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور کے علاقوں میں بھی حدِ نگاہ انتہائی کم ہے، بعض مقامات پر حد نگاہ 0 سے 100 میٹر تک محدود ہو چکی ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے، انہوں نے روڈ یوزرز کو سختی سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں، ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور رفتار کم رکھیں، کسی بھی رہنمائی یا مدد کیلئے شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی