i پاکستان

ملک بھر میں مون سون کا زوردار سپیل، جل تھل ایک، جڑواں شہروں میں رین ایمرجنسیتازترین

July 29, 2024

ملک بھر میں ساون کے دھواں دھار سپیل کا آغاز ہوگیا، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ باغوں کے شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حبس اور گرمی کی بھی چھٹی ہوگئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جڑوں شہروں میں مجموعی طور پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریوں کے مقام پر پانی کی سطح 9 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں بارشیں متوقع ہیں، مظفر آباد میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، راولپنڈی سے مظفرآباد کو ملانے والی شاہراہ دولائی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو چکی ہے۔ ادھر شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی پھلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، ویٹا چورنگی اور کورنگی کے اطراف میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے، گودام چورنگی، کلفٹن، حسین آباد، لیاقت آباد، شریف آباد میں بھی بادل برسے جبکہ سٹیڈیم روڈ، طارق روڈ، سندھی مسلم سوسائٹی میں بوندا باندی نے رنگ جما دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی