وفاقی دارالحکومت اسلام آ باد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والے بارشوں کے سپیل کا سلسلہ جاری ، صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بدھ کو علی الصبح بوندا باندی ہوئی جس کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی۔ لاہور کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گگومنڈی، عارف والا، بہاولنگر، حجرہ شاہ مقیم اور رینالہ خورد سمیت گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں بھی بادل جم کر برسے جس سے جل تھل ایک ہو گیا اور درجہ حرارت میں کمی آنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی