چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ مجھے گڈ ٹو سی یو کہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہر کسی کو کہتا ہوں۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو گڈ ٹو سی یو کہنے پر تنقید کی وضاحت کردی۔ چیف جسٹس کی جانب سے یہ ریمارکس سوِل مقدمے کی سماعت کے دوران دیے گئے۔ چیف جسٹس نے وکیل اصغر سبزواری سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ایک وقت کے بعد آپ میری عدالت آئے ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ میں ہر ایک کا احترام کرتا ہوں۔ ادب واخلاق تو سب کیلئے ضروری ہیں، ادب و اخلاق کے بغیر مزہ نہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس نے عمران خان کی عدالت پیشی پر یہ ریمارکس دیے تھے۔ چیف جسٹس نے دورانِ سماعت عمران خان سے مخاطب ہوکر کہا تھا کہ آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔ چیف جسٹس کے اس بیان پر انہیں حکومت کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی