i پاکستان

ہمیں اپنے کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹتازترین

April 22, 2024

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے،عوام کی کوششوں کے بغیر حکومت اپنی پالیسیوں اور ضوابط کو نافذ نہیں کر سکتی،کسی بھی پالیسی کو کامیاب بنانے کیلئے کمیونٹی کی شمولیت ناگزیر ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم ارض پر اپنے پیغامیں کہا کہ جیسا کہ ہم یوم ارض منا رہے ہیں، ہمیں اپنے کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ہمارے ماحولیاتی نظام کو پلاسٹک کے نقصان دہ اثرات کا سامنا ہے جن کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پلاسٹک آلودگی کا خطرہ ایک اہم مسئلہ ہے جو فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ہم اس وقت پلاسٹک کے پھیلا وکی وجہ سے ایک غیر معمولی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جو ماحولیاتی نظام کو تباہ کر نے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں، اور جس سے انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ہمیں اس بحران سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔عوام کی کوششوں کے بغیر حکومت اپنی پالیسیوں اور ضوابط کو نافذ نہیں کر سکتی۔کسی بھی پالیسی کو کامیاب بنانے کیلئے کمیونٹی کی شمولیت ناگزیر ہے۔ اس یوم ارض کے موقع پر، میں پلاسٹک کی کھپت کو کم کرنے، ری سائیکلنگ کو فروغ دینے، اور ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے متبادل زرائع پیدا کرنیکیلئے قانون سازی اور پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیتا ہوں۔اپنی اجتماعی کوششوں سے ہم موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف ستھری اور صحت مند فضا قائم کرنے کی جانب اہم پیش رفت کر سکتے ہیں۔ آئیے ہم کر ارض کی حفاظت اور اس کے قیمتی وسائل کی حفاظت کے لیے اپنے عزم کو دہرائیں-ایک ساتھ مل کر ہم مشکل سے مشکل چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں-

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی