مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 8 فروری کو ملک گیر ہڑتال کی کال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمیں 8 فروری کی دھمکیاں دیتے ہیں، جو کرنا ہے کرلیں، ہم بھی تیار ہیں، جوابی کارروائی کریں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات ہار چکی ہے۔ یہ بیانیے کی وجہ سے عوام کے دلوں سے اتر چکے ہیں، یہ تو کراچی میں چند ہزار افراد ہی اکٹھا کر سکے، چھوٹا سا جلسہ بھی نہ کر سکے، یہ کچھ نہیں کر سکتے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں افواج پاکستان، پولیس اور انٹیلی جنس کے لوگ شہید ہو چکے ہیں۔ وزیراعلی کے پی کو معلوم ہونا چاہیے کہ حملے کہاں سے ہو رہے ہیں۔
بارڈر کراس کر کے تشکیلیں آتی ہیں اور حملے کیے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود اگر یہ ثبوت مانگتے ہیں تو اس پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔ اگر انہیں ثبوت چاہیے تو عارف علوی سے لیں، پولیس ڈیپارٹمنٹ سے پوچھیں۔ ہپ اس معاملے پر بھی بیانیہ بیانیہ کھیل رہے ہیں۔ لیگی سینیٹر نے کہا کہ انہیں کے پی میں مینڈیٹ ملا ہے، وہ وہیں حکومت کریں۔ خارجہ پالیسی ان کا مینڈیٹ نہیں، صوبہ ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ وفاقی حکومت کے پاس بہت سے آپشنز موجود ہیں اور وہ ان آپشنز کو استعمال کر سکتی ہے، لیکن ہم نہیں چاہتے کہ انہیں سیاسی شہید بننے کا موقع ملے۔افنان اللہ نے مزید کہا کہ یہ ایسے لوگوں کی ٹیم ہے جن کا گورننس اور عوام کے مسائل حل کرنے سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ بانی پی ٹی آئی کا فین کلب ہے، جو حکومت میں آ کر صرف انتشار پھیلا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی