i پاکستان

محسن نقوی اور خو اجہ محمد آصف کا علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور کا دورہ ، مسافروں کیلئے موجود سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہارتازترین

May 03, 2024

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امیگریشن کے مسائل کے فوری حل اور مسافروں کے لئے سہولتیں بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تلاشی کے عمل کو آسان اور تیز کیا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خو اجہ محمد آصف نے علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور کا 2 گھنٹے طویل دورہ کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر مسافروں کیلئے موجود سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ، وزرا نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کاونٹرز میں اضافہ ہوگا سرچ کا طویل اور 3 درجاتی عمل کو آسان اور تیز بنایا جائے گا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امیگریشن کے مسائل کے فوری حل اور مسافروں کے لئے سہولتیں بڑھانے کا حکم دیا جبکہ وفاقی وزرا نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تلاشی کے عمل کو بھی آسان اور تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز کے حکام سے سرچ کو سہل بنانے کا پلان طلب کر لیا انہوںنے قابل عمل پلان اگلے 24 گھنٹے میں تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا لاہور ائیرپورٹ پر کامیاب تجربے کے بعد سرچ کے عمل کو دیگر ائرپورٹس پر بھی شروع کیا جائے گا،ائرپورٹس پر مسافروں کی آمدورفت سہل بنانے کے لئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بیرون ملک آمد اور روانگی ٹرمینل پر امیگریشن کے کاونٹرز میں اضافے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے فوری طور پر امیگریشن کاونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے،3 روز میں امیگریشن کاونٹرز میں اضافے کا حتمی پلان پیش کیا جائے،امیگریشن کاونٹرز بڑھنے سے مسافروں کو انتظار سے نجات ملے گی،مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے آوٹ آف باکس اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی وزرا نے امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کے لئے انتظامات کاجائزہ لیا،وفاقی وزرا نے اے این ایف۔ اے ایس ایف اور کسٹمز کے سرچ کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا ،وفاقی وزرا نے ائرپورٹ پر مسافروں کے موجودہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔وفاقی وزرا کی زیر صدارت ا یئرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس ہوا ۔ڈپٹی ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی۔اے این ایف کے کرنل شوکت۔ ایف آئی اے لاہور کے ڈائریکٹر سرفراز ورک ۔ اے ایس ایف ۔ کسٹمز اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی اجلاس میں وفاقی وزرا کو ائرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی گئی وفاقی وزرا نے متعلقہ حکام کو مسافروں کے لئے سہولتیں بڑھانے کے لئے ضروری ہدایات دیں ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی