محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جمعہسے 20 اگست تک موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سبب بننے والا ہوا کا کم دبا جنوب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے، جمعہ کی شام سے بحیرہ عرب سے ملک کے جنوبی علاقوں میں مون سون کی مضبوط ہوائیں داخل ہونے کی توقع ہے۔ مون سون ہواوں کے باعث بلوچستان میں جمعہسے 19 اگست کے دوران تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ جمعہ سے 20 اگست کے دوران کشمیر میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ جمعہ سے 20 اگست کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ 16 سے 20 اگست کے دوران خیبر پختونخوا میں بھی گرج چمک اور تیز ہواں کے ساتھ وقفے وقفے سے بادل برس سکتے ہیں۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ جمعہسے 18 اگست کے دوران سندھ میں سکھر، شکار پور، کشمور، خیرپور، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھر پارکر، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں چند مقامات پر تیز ہواں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ (آج) 17سے 19 اگست تک کراچی میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کے دوران بلوچستان اور سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث ملک کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، شدید بارشوں، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے گھر، دیواروں، بل بورڈز، سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتا ہے، کسان، مسافر اور سیاح بارشوں کے دوران محتاط رہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی