i پاکستان

مغربی ہوائوں کی انٹری، لاہور میں آئندہ 2 روز کے دوران بارش کا امکانتازترین

January 30, 2025

ملک بھر میں مغربی ہوائیں داخل ہو گئیں، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران لاہور میں بارش کی پیشگوئی کردی،ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان جبکہ بالائی خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں مطلع ابر آلود رہنے کے علا وہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں یکم اور 2 فروری کو بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، 2 فروری تک لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کاکم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق باغوں کے شہر لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پشیگوئی ہے، دیر، چترال، کو ہستان، ما نسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شا نگلہ، بو نیر اورسوات میں ہلکی بارش اور پہاڑو ں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں سرد رہے گا ۔ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ادھر ملک کے بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ، سوات میں برف باری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم مزید سرد ہوگیا، پشاور میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، سردی کی شدت بڑھ گئی، دیر، چترال اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کردی گئی۔زیارت، پشین اور ژوب میں بھی ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی