i پاکستان

مبینہ مغوی سعودی خاتون کراچی سے بازیاب، ملزم زیرِ حراستتازترین

April 25, 2024

اسلام آباد سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی سعودی خاتون کو کراچی سے بازیاب کروا لیا گیا ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے خاتون کی بازیابی اور ملزم کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8سے ایک سعودی خاتون کو مبینہ طور پر اغوا کیا تھا، جس کا مقدمہ اسلام آباد میں تعینات سعودی سفارتی عملے کے ایک رکن بدر الحریبی کی مدعیت میں 18اپریل کو تھانہ مارگلہ میں درج کروایا گیا۔ جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ اس مبینہ اغوا میں پاکستانی شہری ملوث ہیں۔اسلام آباد پولیس کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور منگل کی رات موبائل فونز کی لوکیشنز کی بنیاد پر سعودی خاتون اور ان کے مبینہ اغوا کار کو کراچی سے حراست میں لیا گیا جو کہ ایک پاکستانی شہری ہے۔تفتیشی ٹیم میں شامل اسلام آباد پولیس کے ایک اہلکار نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی تفتیش کے دوران ملزم اور سعودی خاتون کے زیر استعمال موبائل فونز کی لوکیشنز ٹریس کی گئیں جو ہر چند گھنٹوں بعد تبدیل ہو رہی تھیں۔ لیکن گزشتہ دو روز کے دوران موبائل فون پر سعودی خاتون اور مبینہ اغوا کار کی لوکیشن صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ اور پھر کراچی آرہی تھیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ایک خصوصی ٹیم کو سندھ بھیجا گیا جہاں ان دونوں افراد کو ٹریس کر لیا گیا۔مذکورہ پولیس اہلکار نے بتایا کہ خاتون اور ملزم کراچی میں ایک گیسٹ ہائوس میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ دونوں افراد کو منگل کی شام کراچی سے حراست میں لیا گیا اور وہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد پہنچا دیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی